قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

مہکتی باتیں، اقوال زریں کا مجموعہ
Post Reply
احمداسد
کارکن
کارکن
Posts: 74
Joined: Fri Apr 15, 2011 6:54 pm
جنس:: مرد
Location: rawalpindi
Contact:

قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by احمداسد »

تحریر:مولانا مدثر جمال تونسوی

حضرت نانوتوی رحمہ اللہ اور آپ کے رفقاء کار اور عقیدت مندوں کو جس درجہ اور جس قدر والہانہ عشق و محبت اور اخلاص و عقیدت جناب رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہے۔ اس کا انکار بغیر کسی متعصب اور سوائے کسی معاند کے اور کوئی نہیں کر سکتا۔ رومانی افسانوں میں مجنوں بنی عامر کے عشق و محبت کے بڑے بڑے افسانے زبان زد خلائق ہیں۔ لیکن اگر مجنوں سگ کوچہ لیلیٰ پر فدا تھا تو حضرت نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے رفقائے کار مدینہ طیبہ کی مبارک گلیوں کے ذرّات پر قربان و نثار تھے۔اگر مجنوں لیلیٰ کے عشق میں مجبور و مقہور تھا تو یہ حضرات عشق محمدصلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم میں بے چین و بے قرار تھے۔ اگر مجنوں لیلیٰ کی اداؤں پر فریفتہ تھا تو یہ حضرات اپنے آخر الزمان نبی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی پیاری سنتوں کے شیدائی تھے۔ اگر مجنون لیلیٰ کے اُنس واُلفت کے دام میں گرفتار تھا تو یہ حضرات آنحضرت صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے تعلق و نسبت پر نثار تھے اور آپ کے لگاؤ اور آپ کی پسند کو جان ِعزیز سے بھی زیادہ قیمتی سمجھتے تھے۔ کیونکہ وہ یہ جانتے تھے اور دل سے مانتے تھے کہ دینی اور دنیوی تمام لذتوں کا سرچشمہ ہی اس برگزیدہ ہستی کے ساتھ مؤدت اور عقیدت ہے۔ جن کے ارشاد فرمودہ ایک جملہ کے مقابلہ میں دنیا بھر کے لعل و گوہر اور ہفت اقلیم کی دولت اور خزانے قطعا ًکوئی وقعت و حیثیت نہیں رکھتے۔اور جن کے پیارے اقوال و افعال اور اسوہ حسنہ کے مقابلہ میں کوئی لذیذ سے لذیذ اور خوش آئندسے خوش آئند چیز بھی ایک رتی بھر کا وزن نہیں رکھتی جن کا اسم گرامی دنیا کی تمام شیرینیوں اور شربتوں سے میٹھا اور جن کی ایک ادنیٰ سنت بھی جواہرات سے مرصع تاج شاہی سے زیادہ مرغوب و پسندیدہ ہے۔ کیا ہی خوش قسمت ہے وہ قوم جس کو جناب رسول کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم جیسا افضل المخلوقات نبی اور آپ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی شریعت جیسی بیش بہا شریعت مل گئی۔ جس کے بعد کسی اور خوبی کی سرے سے کوئی حاجت ہی باقی نہیں رہتی۔

اکابر دیوبند میں حضرت حجة الاسلام رحمہ اللہ نے نظم اور نثر میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی جو مدح اور تعریف بیان کی ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے فضائل ومناقب کو جس حکیمانہ پیرائے سے ثابت کیا ہے اور جس خلوص و عقیدت سے اس کا اظہار کیا ہے۔ ان کی کتابوں کو پڑھنے اور دیکھنے والا بجز کسی متعصب کے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ قصیدہ بہاریہ حضرت نانوتوی کا ایک ایسا ہی قصیدہ ہے جس میں نبی کریم کے فضائل ومناقب اور مدحت ومنقبت کو بڑے دلنشین ،ایمان افروز اور روح پرور انداز میں بیان کیا ہے۔یہ قصیدہ 150سے زائد اشعار پر مشتمل ہے ۔ذیل میں اس قصیدے کے چند منتخب اشعار حسب ضرورت تشریح کے ساتھ قارئین کی خدمت میں پیش کرتا ہوں کہ جب عام صلحاء کے تذکرے سے رحمت نازل ہوتی ہے تو ایک عاشق صادق کے قلم سے محبوب کونین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے تذکرے پر کیسی کیسی رحمت وبرکات ملیں گی۔

نہ ہوے نغمہ سراکس طرح سے بلبل زار
کہ آئی ہے نئے سر سے ،چمن چمن میں بہار
یہ اس قصیدے کا پہلا شعر ہے اس میں نہایت لطیف انداز سے شعری تشبیب بھی ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی تشریف آوری کے حالات وکیفیات کا بیان بھی ۔جس طرح موسم بہار کی آمد پر ہر چمنستان اور گلستان مہکنے اور لہلہانے لگتا ہے ،بلبل وطوطی نغمہ سرائی کر کے ایک عجیب پرکیف ماحول بنا دیتے ہیں اسی طرح آپ کی آمد تو ان بہاروں سے بھی بڑھ کر ہے اس لئے آپ کی آمد سے ہر طرف توحیدوسنت کے غلغلے بلند ہونے لگے اور اہل ایمان ہر طرف خوشی خوشی دعوت اسلام کے پیغام لے جانے لگے،گویا آپ کی آمد سے دنیا میں ایمان ویقین کی بہاریں آگئیں۔

الہی کس سے بیاں ہوسکے ثنا اُس کی
کہ جس پہ ایسا تری ذات خاص کا ہو پیار
جو تو اُسے نہ بناتا ، تو سارے عالم کو
نصیب ہوتی نہ دولت وجود کی زنہار
ان اشعار میں مولانا اپنے عجز کو بیان کر رہے ہیں کہ اے اللہ! نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی مدح وثنا کا حق کون ادا کرسکتا ہے ؟خود آپ کو اپنے محبوب سے اس قدر پیار ہے کہ اگر آپ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کو پیدا نہ کرنا ہوتا تو کائنات میں کسی اور چیز کو ہرگز وجود نہ ملتا۔گویا نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم باعث وجود کائنات ہیں اور آپ کی برکت سے کائنات کو وجود ملا ہے۔

فلک پہ عیسی و ادریس ہیں تو خیر سہی
زمین پہ جلوہ نما ہیں محمد مختار
فلک پہ سب سہی ، پَر ہے نہ ثانی احمد
زمیں پر کچھ نہ ہو ، پَر ہے محمدی سرکار
ان اشعار میں حضرت نانوتوی نے ایک تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی افضلیت کو بیان کیا ہے دوسرے عیسائیوں کے ایک مشہور اعتراض کا جواب ہے اور اسی میں عقیدہ ختم نبوت کا اثبات بھی ہے ۔حضرت کے دور میں تو ویسے بھی برطانوی حکومت کی سرپرستی میں باقاعدہ عیسائی مشنریاں مسلمانوں کو مرتد بنانے کے لیے سرگرم تھیں اور حضرت نے شاہجہانپور کے دو مناظروں میں انہیں ایسی شکست دی جس نے ان کی کمر توڑ دی تھی۔ عیسائی ایک بات بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان پر ہیں تو وہ افضل ہوئے ،آپ جواب میں فرماتے ہیں کہ آسمان اور زمین کی افضلیت کو چھوڑئیے جب اللہ تعالیٰ نے کمالات کا منبع نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کو بنایا ہے اور آپ اپنے روضہ اطہر میں زمین پر ہیں تو زمین کے لئے یہ ایک شرف ہی ایسا ہے جس سے آسمان بھی زمین کے آگے شرمندہ احساس کمتری ہیں کیوں کہ آسمان کو جتنے فضائل حاصل ہوجائیں لیکن وہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کا ہم پلہ تو کوئی نہیں ہے۔اسی بات کو ایک دوسرے شعر میں یوں کہتے ہیں:

کرے ہے ذرہ کوئے محمدی سے خجل
فلک کے شمس و قمر کو زمینِ لیل و نہار
یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی برکت سے آپ کے قدموں کے ذرات کو وہ عظمت ملی ہے کہ زمین انہی ذرات کی نورانیت وبرکات کے بل بوتے فلک کے آفتاب وماہتاب کو بھی شرما دیتی ہے،تو اب اندازہ لگایا جائے کہ خود اس عظیم ہستی کا مقام ومرتبہ کیا ہوگا؟....اگلے اشعار میں اسی مقام نبوی کو سامنے رکھتے ہوئے محبوب کونین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کو محبانہ خطاب کرتے ہوئے یوں عرض گزار ہوتے ہیں:

تو فخرِ کون ومکاں ، زبدہ زمین وزماں
امیرِ لشکرِ پیغمبراں ، شہِ اَبرار
خدا تیرا ، تو خدا کا حبیب اور محبوب
خدا ہے آپ کا عاشق ، تم اُس کے عاشقِ زار
تو بوئے گل ہے ، اگر مثلِ گل ہیں اَور نبی
تو نورِ شمس ، گر اور انبیاء ہیں شمسِ نہار
حیاتِ جان ہے تو ، ہیں اگر وہ جانِ جہاں
تو نورِ دیدہ ہے گر ہیں وہ دیدہ بیدار
جہاں کے سارے کمالات ایک تجھ میں ہیں
ترے کمال کسی میں نہیں مگر دو چار
بجز خدائی نہیں چھوٹا تجھ سے کوئی کمال
بغیر بندگی کیا ہے لگے جو تجھ کو عار
یہ اشعار اپنے معانی ومطالب میں بالکل واضح ہیں اور ان سے جس طرح حضرت نانوتوی کی محبوب کونین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے عقیدت ومحبت اور اخلاص ومودت ظاہر ہورہی ہے محتاج بیان نہیں ہے۔ لیکن آخری شعر تو کمال ہے اس میں جہاں آپ کے مقام ومرتبے کا بیان ہے وہیں اُس حقیقت کا بھی مؤدبانہ اظہار ہے جو مقام مدح میں تجاوزِ حدود سے محفوظ رکھتی ہے۔ مقام محمدیت تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے مختص اوصاف وکمالات کو چھوڑ کر کوئی ایسا کمال نہیں ہے جو اللہ تعالی نے آپ کو نصیب نہ فرمایا ہو۔گویا عبدیت کے لائق جتنے کمالات و اوصاف ہوسکتے تھے وہ سب آپ کو دیئے گئے ،اور آپ ”عبدِ کامل“ ہوئے ،اور آپ کی اس عبدیت کاملہ کا اِقرار قطعاً کوئی عار کی بات نہیں ہے ،جیسا کہ بعض کم فہم اس کا انکار کردیتے ہیں ۔اور حضرت کا کمال یہ ہے کہ مختلف مسائل کے اثبات کے لیے ایسے دلائل سے استدلال فرماتے ہیں بہت کم اس کی طرف کسی دھیان جاتا ہے ۔مثلاً آپ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے حق میں اس اجتماع کمالات سے ”وحدت الوجود“کو بھی ثابت کیے چلتے ہیں اور فرماتے ہیں:
جو دیکھیں اتنے کمالوں پہ تیری یکتائی
رہے کسی کو نہ وحدتِ وجود کا انکار

نبی کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے کمالات واوصاف پر عقیدت ومحبت کے پھول نچھاور کرتے کرتے جب اپنے اعمال پر نظر پڑتی ہے اور اپنی عاجزی وکم مائیگی کا احساس دامن سے لپٹ جاتا ہے تو عرض مدعا کے لئے یوں تمہید قائم کرتے ہیں:
تو بہترین خلائق ، میں بدترین جہاں
تو سرور دو جہاں ، میں کمینہ خدمت گار
بہت دنوں سے تمنا ہے کیجئے عرض حال
اگر ہو اپنا کسی طرح تیرے دَر تک بار

یہ آرزوئیں کیا ہیں جوایک عرصہ سے دل میں مچل کر جہان قلب ونظر کو زیر و زبر کیے ہوئے ہیں؟.... لیجئے یہی آرزوئیں ہم اپنی طرف سے بھی بارگاہ رسالت میں پیش کرتے ہیں اور اسی پر اپنا مضمون ختم کرتے ہیں:
امیدیں لاکھوں ہیں ، لیکن بڑی امید ہے یہ
کہ ہو سگانِ مدینہ میں میرا نام شمار
جیوں تو ساتھ سگانِ حرم کے تیرے پھروں
مروں تو کھائیں مدینہ کے مجھ کو مور و مار
جو یہ نصیب نہ ہو اور کہاں نصیب مِرے
کہ میں ہوں اور سگانِ حرم کے تِرے قطار
اُڑا کے باد مِری مشتِ خاک کو پسِ مرگ
کرے حضور کے روضہ کے آس پاس نثار
ولے یہ رتبہ کہاں مشتِ خاکِ قاسم کا
کہ جائے کوچہ اطہر میں تیرے بن کے غبا
اسداللہ شاہ
مشاق
مشاق
Posts: 1577
Joined: Mon Jul 06, 2009 3:04 pm
جنس:: مرد
Location: اللہ کی زمین پر
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by اسداللہ شاہ »

بغیر پڑھے
جزاک اللہ فی الدارین
[center]والسلام طالب دعا آپکا بھائی
اسداللہ شاہ[/center]
احمداسد
کارکن
کارکن
Posts: 74
Joined: Fri Apr 15, 2011 6:54 pm
جنس:: مرد
Location: rawalpindi
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by احمداسد »

بھائی اسد اللہ شاہ صاحب
السلام علیکم
بغیر پڑھے اگر اتنی دعائیں دیدیں ہیں تو نہ معلوم اگر آپ پڑھ لیں گے تو پھر ہم غریبوں کی قسمت میں کتنی دعائیں آجائیں گی.
اللہ آپکو ہر حال میں خوش رکھے .آمین
اضواء
ٹیم ممبر
ٹیم ممبر
Posts: 40424
Joined: Sun Aug 15, 2010 4:26 am
جنس:: عورت
Location: {الدمام}المملكةالعربيةالسعوديه

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by اضواء »

أحسنت و بارك الله فيك نفع الله بك الآسلام و المسلمين ......
[center]یہ بھی انداز ہمارے ہے تمہیں کیا معلوم
ہم تمہیں جیت کے ہارے ہے تمہیں کیا معلوم[/center]
نورمحمد
مشاق
مشاق
Posts: 3928
Joined: Fri Dec 03, 2010 5:35 pm
جنس:: مرد
Location: BOMBAY _ AL HIND
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by نورمحمد »

v;g

جزاک اللہ
اعجازالحسینی
مدیر
مدیر
Posts: 10960
Joined: Sat Oct 17, 2009 12:17 pm
جنس:: مرد
Location: اللہ کی زمین
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by اعجازالحسینی »

v;g v;g


zub;ar zub;ar zub;ar zub;ar
[center]ہوا کے رخ پے چلتا ہے چراغِ آرزو اب تک
دلِ برباد میں اب بھی کسی کی یاد باقی ہے
[/center]

روابط: بلاگ|ویب سائیٹ|سکرائبڈ |ٹویٹر
عتیق
مشاق
مشاق
Posts: 3184
Joined: Sun Jul 18, 2010 6:52 pm
جنس:: مرد
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by عتیق »

بہت ہی خوب
زبردست
[center]لاعزۃ الابالجھاد[/center]
احمداسد
کارکن
کارکن
Posts: 74
Joined: Fri Apr 15, 2011 6:54 pm
جنس:: مرد
Location: rawalpindi
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by احمداسد »

تمام دوستوں کا بہت شکریہ
اسداللہ شاہ
مشاق
مشاق
Posts: 1577
Joined: Mon Jul 06, 2009 3:04 pm
جنس:: مرد
Location: اللہ کی زمین پر
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by اسداللہ شاہ »

احمداسد wrote:بھائی اسد اللہ شاہ صاحب
السلام علیکم
بغیر پڑھے اگر اتنی دعائیں دیدیں ہیں تو نہ معلوم اگر آپ پڑھ لیں گے تو پھر ہم غریبوں کی قسمت میں کتنی دعائیں آجائیں گی.
اللہ آپکو ہر حال میں خوش رکھے .آمین
وعلیکم السلام
بھائی دعائیں تو تمام مخلوقات کے لئے ہیں. اور غریب تو وہ ہے جو حق سے دور ہے دعا ہے اللہ سب کو امیر کر دے.
[center]والسلام طالب دعا آپکا بھائی
اسداللہ شاہ[/center]
احمداسد
کارکن
کارکن
Posts: 74
Joined: Fri Apr 15, 2011 6:54 pm
جنس:: مرد
Location: rawalpindi
Contact:

Re: قصیدہ بہاریہ اور مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ

Post by احمداسد »

اسد بھیا!. آمین
واقعی اصل امیری تو علم وعمل اور اخلاص کی قبولیت عنداللہ کا نام ہے
Post Reply

Return to “باتوں سے خوشبو آئے”